وفاقی اردو یونیورسٹی عبدالحق کیمپس میں روسی زبان سکھانے کے مرکز کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔
افتتاحی تقریب کا آغاز پاکستان اور روس کےقومی ترانوں سے ہوا۔
__________
تقریب میں شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری قونصل جنر ل رشین فیڈریشن آندرے وکٹوروچ فیدروف، کیماری سے رکن صوبائی اسمبلی آصف خان، ڈاکٹراضغر دشتی، فیصل ایدھی، نائب قونصل جنرل رسلان ایم پروخروف، ڈاکٹرفیصل جاوید اور دیگر نے شرکت کی۔
شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کو اگر ترقی کرنی ہے تو تمام دنیا کے ساتھ ہا تھ ملا کر چلنا ہوگا
دنیا میں کوئی ملک اور کوئی یونیورسٹی اکیلے ترقی نہیں کر سکتی انہوں نے کہا کہ ہماری اپنی زبان کی ایک اہمیت ہے اس لیے ہم نے رشیا سے شروعات کی ہے انگریزی ، فارسی عربی پہلے سے موجود ہیں ہم اور بھی ملکوں سے رابطے کریں گے اور ہمارے اردویونیورسٹی کے طلبہ اور بل خصوص کراچی کے لیے نادر موقع ہے اور ہم رشیا کی ترقی سے فائدہ اٹھائیں گے اور ان کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔
ڈاکٹر فیصل جاوید نے کہا اس سینٹر کے قیام سے شعبہ بین الااقوامی تعلقات کے طلبہ کو روسی زبان تاریخ اور کلچر سمجھنے کا موقع ملے گا۔ یہ مرکز 70 لاکھ روپے لاگت سے شعبہ بین الاقوامی تعلقات وفاقی اردو یونیورسٹی کے تحت روسی مرکز برائے سائنس وثقافت (ایوان دوستی) روسی حکومت کے تعاون سے قائم کیا گیاہے۔
مرکز میں روسی اساتذہ بلامعاوضہ روسی زبان سکھائیں گے۔ پاکستان میں روسی مرکز ثقافت کے تعاون سے 3 سینٹر بنانے جارہے ہیں اور سندھ میں واحد مرکز وفاقی اردو یونیورسٹی میں قائم کیا گیاہے۔
جو شعبہ بین الااقوامی تعلقات کے ایک کلاس روم میں بنایا گیا ہے۔
اس مقصد کے لیے روسی طرز کا جدید اور خوبصورت کلاس روم تیارکیا ہے۔
آندرے وکٹوروچ فیدروف نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روس میں دہشت گردی کر کے معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا گیا ہے جو انتہائی قابل مذمت ہے۔ اس موقع پر دہشتگردی کا نشانہ بننے والوں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ۔
انہوں نے کہا کہ کراچی پر روسی زبان سکھانے کا مرکز قائم کردیا گیا ہے جب کہ لاہور میں آئندہ ماہ روسی زبان سکھانے کا مرکز کام شروع کردے گا۔
روسی زبان سیکھنے کی وجہ سے پاکستانی طالب علم روس کی جامعات میں اسکالر شپ حاصل کر سکیں گے۔
واضح رہے کہ شعبہ بین الااقوامی تعلقات وفاقی اردو یونیورسٹی اور رشین کلچر سینٹر کے درمیان 25 جنوری 2023 کو معاہدہ کیا گیا تھا۔
اس معاہدے کے تحت اب تک شعبہ ہذا کے 6 طالبعلم اسکالرشپ حاصل کر چکے ہیں جب کہ ہر سال 10 طالبعلم اعلیٰ تعلیم کے لیے اسکالر شپ پر روس جائیں گے اور روسی جا معات میں داخلہ لے سکیں گے۔
تقریب میں قائم مقام رجسٹرار محمد صدیق۔ ڈاکٹر شاہد اقبال، ڈاکٹر یاسمین سلطانہ، اقبال نقوی، ڈاکٹر رضوانہ جبیں ، ڈاکٹر ممنون احمد، ڈاکٹر محمد عارف خان، ڈاکٹر امیر فاروقی، این ای ڈی یونیورسٹی کی پروفیسر ساجدہ ذکی اور طلبا ء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
Newspakistan.tv